Oct ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۷:۳۶ Asia/Tehran
  • حزب اللہ کے میزائل حملوں کو روکنے میں آئرن ڈوم ناکام 15 لاکھ صیہونی پناہ گاہوں میں چھپ گئے

مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں پر حزب اللہ کے میزائل حملوں کو روکنے میں ، صیہونی حکومت کا آئرن ڈوم ناکام رہا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ نے مقبوضہ شہر حیفا کے اطراف کے علاقوں اور لبنان کی سرحد کے قریب متعدد صیہونی فوجی اڈوں پر حملے کئے ہیں ۔ عینی شاہدوں نے شہر حیفا کے اطراف میں پے در پے متعدد دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی خبر دی ہے۔

موصولہ فوٹیج اور عینی شاہدوں کے مطابق صیہونی حکومت کا آئرن ڈوم ایئر ڈیفنس سسٹم حزب اللہ کے میزائلوں کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔ ایک رپورٹ میں حیفا ایئر پورٹ پر خطرے کا سائرن بجنے کی خبر دی گئی ہے۔

صیہونی میڈیا نے بھی حیفا کے نزدیک کریات آتا میں میزائل گرنے کے بعد آگ لگنے کی خبر دی ہے۔

صیہونی میڈیا کے مطابق کریات آتا، طمرہ، اور شفاعمرو میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔ صیہونی فوج کے میڈیا نے بھی اعتراف کیا ہے کہ الجلیل اور حیفا پر دس میزائل داغے گئے ہیں۔

ادھر حزب اللہ نے ایک مختصر بیان میں بتایا ہے کہ الزاعورہ میں غاصب صیہونی فوجیوں کے ایک اڈے پر حملہ کیا گیا ہے۔ حزب اللہ لبنان نے ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ اس نے منگل کی صبح شمالی مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے چند فوجی مراکز پر توپوں سے گولہ باری کی ہے۔

حزب اللہ لبنان نے بتایا ہے کہ یہ حملہ شتولا صیہونی کالونی کے گیٹ پر جمع صیہونی فوجیوں کے ایک دستے پر کیا گیا ہے۔

صیہونی میڈیا نے تل ابیب کے پندرہ لاکھ ساکنین کے پناہ گاہوں میں چلے جانے کی خبر دی ہے۔ میڈیا ذرائع نے چند گھنٹے قبل تل ابیب کی فضا میں دھماکوں کی خبر دی تھی۔اس دھماکے بعد صیہونی آباد کاروں کو پناہ گاہوں کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

ٹیگس