صیہونی حکومت کی جانب سے حزب اللہ کے کمانڈروں کو نشانہ بنانے کا دعوی
جارح صیہونی حکومت نے جنوبی بیروت کے ضاحیہ علاقے میں حزب اللہ لبنان کے اعلی کمانڈروں کے اجلاس کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: نیویارک ٹائمز نے صہیونی ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ جمعہ کی صبح ہونے والے حملے میں حزب اللہ کے رہنماؤں کے اجلاس کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں سید ہاشم صفی الدین بھی موجود تھے۔ تین صہیونی سیکورٹی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے صفی الدین کو نشانہ بنایا ہے تاہم حملے کی کامیابی کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔ مقامی افراد نے کہا ہے کہ بیروت کے نواحی علاقے میں رہائشی مکانات پر اسرائیل نے شدید بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔ بعض نے امکان ظاہر کیا ہے کہ اسرائیل نے کسی ہدف کو نشانہ بنایا ہے۔
دوسری طرف صہیونی چینل چودہ نے دعوی کیا ہے کہ حزب اللہ کے رہنما سید ہاشم صفی الدین اس حملے کا ہدف تھے۔ لبنان کے سیکورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ بیروت پر ہونے والے یہ حملے شہید حسن نصراللہ پر کئے گئے حملوں سے بھی زیادہ شدید تھے۔