Oct ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۴:۳۸ Asia/Tehran
  • حزب اللہ نے اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی، خطرے کے سائرن بج اٹھے، صیہونی پناہ گاہوں میں چلے گئے

مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجی اور اسٹریٹیجک مراکز پر حزب اللہ لبنان نے کاری وار لگائے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی میڈیا ذرائع نے اتوار کی صبح لبنان سے شمالی اور مرکزی مقبوضہ فلسطین پر لبنان کے شدید میزائلی حملوں کی خبردی ہے۔

صیہونی میڈیا کے مطابق اتوار کو حزب اللہ لبنان کے میزائلی حملوں کے بعد شمالی اور مرکزی مقبوضہ فلسطین کے القیسیاریا ، الخضیرہ اور حیفا سمیت مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے اور صیہونیوں کو پناہ گاہوں کی طرف بھاگتے دیکھا گیا۔

صیہونی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس نے الخضیرہ اور الکرمل نامی علاقوں میں حزب اللہ کے زمین سے زمین پر مار کرنے والے دو بیلسٹک میزائلوں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے تباہ کردیا۔

حزب اللہ نے اس سے پہلے اتوار کی صبح شمشون بیس کو دھماکہ خیز ڈرون سے تباہ کرنے کی خبر دی تھی ۔ حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے صیہونی فوج کا کمانڈ سپورٹ سینٹر اور ایریا سپورٹ یونٹ "شمشون" بیس کو دھماکہ خیز ڈرون سے نشانہ بنایا جس میں صیہونی فوج کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اسکے علاوہ حزب اللہ نے المنارہ قصبے میں قابض صیہونی فوج کو بھی میزائلوں سے نشانہ بنایا جس سے کافی جانی نقصان ہوا۔

میڈیا ذرائع نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں واقع الجلیل علاقے پر بھی حزب اللہ لبنان کے شدید راکٹ حملے کی اطلاع دی ہے۔

حزب اللہ نے اسی طرح صہیونی بستی "دان" کے جنگلاتی علاقوں میں صہیونی فوجیوں کی پناہ گاہوں اور ٹھکانے پر بھی میزائلوں سے حملہ کیا ۔

صہیونی میڈیا نے بھی اعتراف کیا ہے کہ آج صبح سے لبنان سے مقبوضہ علاقوں کے شمال کی جانب تقریباً ایک سو دس راکٹ داغے گئے ہیں۔

لبنان کے اسلامی مزاحمتی ذرائع ابلاغ کے مطابق حزب اللہ نے آج صبح سے صیہونی حکومت کے خلاف تیرہ فضائی اور زمینی کارروائیاں انجام دی ہیں۔

ٹیگس