سید حسن نصرالله کی شہادت اور تشییع جنازہ سے متعلق تازہ ترین تفصیلات
حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل کی شاندار طریقے سے تشییع جنازہ مناسب وقت پر جنوبی بیروت کے ضاحیہ علاقے میں کی جائے گی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے نائب سربراہ محمود قماطی نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے گفتگو میں حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصرالله کی شہادت سے متعلق نئی تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ سید حسن نصرالله غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے داغے گئے میزائلوں سے زہریلی گیسں کے اخراج کے نتیجے میں شہید ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سول ڈیفنس کے ایک ملازم نے اس جگہ جانے پر اصرار کیا جہاں سید حسن نصراللہ تھے جب وہ سید نصراللہ کے جسد خاکی کے قریب پہنچا تو اس نے اپنا ماسک اتار کر سید نصراللہ کے چہرے پر لگا دیا تا کہ وہ سانس لے سکیں لیکن انھیں بچانے کے لیے وہ خود بھی سید حسن نصراللہ کے ساتھ ہی شہید ہو گئے۔
حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے نائب سربراہ نے شہید سید حسن نصر اللہ کی تشییع جنازہ میں تاخیر کی وجہ جنگی حالات اور صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل کی شاندار طریقے سے تشییع جنازہ مناسب وقت پر جنوبی بیروت کے ضاحیہ علاقے میں کی جائے گی۔
شہید راہ قدس سید حسن نصر اللہ کے جانشین کے انتخاب کے بارے میں محمود قماطی نے کہا کہ نئے سیکریٹری جنرل کا انتخاب ایک وقت طلب عمل ہے۔
محمود قماطی نے حزب اللہ کے رہنماؤں کے مابین اختلافات کے حوالے سے بعض دشمن میڈیا کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ کے رہنما متحد ہیں، حزب اللہ مضبوط ہے اور نئے سربراہ کا انتخاب مکمل ہونے تک حزب اللہ کی سرگرمیوں کی نگرانی ایک کونسل کرے گی۔
یاد رہے کہ حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کو قدس کی غاصب اور جابر صہیونی حکومت کے طیاروں نے شدید ترین بمباری کر کے 27 ستمبر کو بیروت کے علاقے ضاحیہ میں شہید کردیا تھا۔