ترک صدر سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات
ایران کے وزیر خارجہ نے صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ ملاقات میں تہران اور انقرہ ہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی تعاون فورم 3+3 کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے استنبول کے دورے کے دوران ترکیہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔
انہوں نے جمعہ کو ترک صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ ملاقات کے دوران تہران اور انقرہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کی وزیرخارجہ سیدعباس عراقچی نے علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارتی، اقتصادی، سیاحت کے شعبوں اور دہشت گردی سے نمٹنے کی مشترکہ کوششوں میں توسیع پر زور دیا۔
انہوں نے تاکید کی کہ ایران اور ترکیہ خطے اور عالم اسلام کے دو بڑے اور موثر پڑوسیوں کی حیثیت سے صیہونی حکومت کی جارحیتوں سے خطے کی سلامتی اور استحکام کو درپیش سنگین خطرات کے بارے میں متفقہ رائے رکھتے ہیں اور عالمی برادری سے غزہ اور لبنان میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں جاری نسل کشی کی روک تھام کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اس ملاقات میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے صیہونی حکومت کی نسل کشی اور جنگی جرائم کو روکنے کےلیے خطے کے دو اہم ممالک کی حیثیت سے ایران اور ترکیہ کے درمیان سنجیدہ اور قریبی تعاون کو ضروری قرار دیا۔
اردوغان نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ترکیہ کے سنجیدہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے بعض شعبوں میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے کےلئے مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا۔