غاصب اسرائیل کا جارحانہ اقدام اقوام متحدہ کے منشور کے منافی اورایران کی ارضی سالمیت کی خلاف ورزی ہے: او آئی سی
اسلامی تعاون تنظیم نے ایک بیان جاری کر کے ایران کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی حالیہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: اسلامی تعاون تنظیم نے غاصب اسرائیل کے جارحانہ اقدام کو بین الاقوامی قوانین اوراقوام متحدہ کے منشور کے منافی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم یا اوآئی سی نے نیویارک میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی چھبیس اکتوبر کی جارحیت کی کہ جس میں ایران کے چار سیکیورٹی اہلکار شہید اور ایک عام شہری زخمی ہوا تھا، شدید مذمت کی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم ( اوآئی سی) نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے سراسر منافی ہیں اور اسی طرح اسلامی جمہوریہ ایران کے قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے خلاف ہیں۔
اسلامی تعاون تنظیم نے اسی طرح مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں عراق کی خودختاری اور ارضی سالمیت کے منافی اقدامات کی بھی کہ جہاں کے فضائی حدود کو استعمال کرتے ہوئے صیہونی حکومت نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کیا، شدید مذمت کی۔
اوآئی سی نے تاکید کی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اوراسی طرح متاثرہ دیگر ممالک بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق اپنے قومی اقتداراعلی، ارضی سالمیت کے دفاع اور عوام کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے ذاتی طور پر اپنا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
او آئی سی نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین، غزہ اور لبنان کے خلاف مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج کی جانب سے جارحانہ اور غیر قانونی اقدامات اور اسی طرح علاقے میں بدخواہوں کی جاری سرگرمیاں بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔
اس عالمی تنظیم نے عالمی امن و سلامتی کو تحفظ فراہم کرنے کے اصلی ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فوری اور موثر طور پر مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا۔اس سے قبل دنیا کے ایک سو اکیس ملکوں پر مشتمل ناوابستہ تحریک نے بھی ایک بیان میں غاصب صیہونی حکومت کی شرپسندی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف جارحیت کے ارتکاب کی شدید مذمت کی اور اعلان کیا کہ چھبیس اکتوبر کی صیہونی جارحیت ایران کی خود مختاری و قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے سراسر منافی ہے۔