دنیا والوں نیند سے اٹھو! غزہ میں خوراک کا بحران، بھوک سے تڑپ رہے ہیں بچے بوڑھے اور جوان
برطانوی اخبار "فنانشل ٹائمز" نے غزہ کی صورتحال پر اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ اس وقت اس خطے کے لئے امداد اپنی کم ترین سطح پر ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: اسرائیل کو امریکی انتباہ کے باوجود غزہ کی صورتحال نازک ہے اور خطے میں شہریوں کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ صیہونی حکومت، اشیائے خورد و نوش کے ذخائر اور ان کی حفاظت پر مامور فلسطینیوں پر حملے کرکے امدادی سامان کو تباہ کر رہی ہے جس کی وجہ سے غزہ میں خوراک کا بحران شدید ہو رہا ہے۔ وہاں موجود صحافیوں کا کہنا ہے کہ چھوٹے چھوٹے بچے بھوک سے تڑپ رہے ہیں۔ ہمارے پاس بھی کچھ نہیں بچا ہے، دنیا والوں نیند سے اٹھو اور غزہ کے مظلوم عوام کی مدد کے لئے آگے آئیں۔
فنانشل ٹائمز نے مزید لکھا ہے کہ وسطی اور جنوبی غزہ ، جہاں اب زیادہ تر شہری مقیم ہیں، شدید بھوک اور قحط کا شکار ہے چنانچہ نومبر میں کھانے کی قطار میں دم گھٹنے سے تین افراد ہلاک ہو گئے۔ برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ غزہ میں آٹے کی شدید قلت کے باعث ایک بوری آٹے کی قیمت 162 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔