یمن پر ایک بار پھر امریکہ اور برطانیہ کا حملہ، یمنی مجاہدوں نے بھی "فلسطین-2" ہائپرسونک بیلسٹک میزائل سے دیا منہ توڑ جواب
جارح امریکہ اور برطانیہ نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر بمباری کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: روس کی اسپوتنک نیوز ایجنسی کے مطابق امریکی اور برطانوی جنگی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے متعدد مقامات پر بم گرائے ہیں۔ صیہونی حکومت کے ریڈیو نے اعتراف کیا ہے کہ یہ فضائی حملہ امریکہ کی سرکردگی میں کیا گیا اور اس میں یمن کی مسلح افواج کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ صیہونی ریڈیو کا یہ بھی کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر یمن کے خلاف حملوں میں شدت آ سکتی ہے۔
اسی دوران صہیونی آرمی ریڈیو نے امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اُس نے صنعا میں یمنی مسلح افواج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پر ٹارگیٹڈ ہوائی حملہ کیا ہے۔ پیر کی شب یمنی مسلح افواج کے راکٹ حملوں کے بعد بعض صیہونی ذرائع نے صنعاء پر حملے کی منصوبہ بندی کےمقصد سے اس حکومت کے عسکری اور سیاسی حکام کے ہنگامی اجلاس کی خبر دی تھی۔
اس سے قبل یمن کی مسلح افواج نے پیر کی شب اعلان کیا تھا کہ اس ملک کی مسلح افواج نے مقبوضہ علاقوں کے شمال میں یافا کے علاقے میں صیہونی دشمن کے فوجی ہدف کو "فلسطین دو" ہائپرسونک بیلسٹک میزائل سے کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔