Dec ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۵:۵۲ Asia/Tehran
  • قدس ٹی وی کی براہ راست نشریات کے دوران 5 صحافی شہید

غزہ کے خلاف جاری وحشیانہ صیہونی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے جہاں آج بیس فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے جاری حملوں میں پانچ صحافی بھی شہید ہوئے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا نے الجزیرہ ٹی وی چینل کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ غزہ کے خلاف جمعرات کے روز کی وحشیانہ صیہونی جارحیت میں اب تک بیس فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں صحافی اور نامہ نگار بھی شامل ہیں۔

 پانچ فلسطینی صحافی اور نامہ نگار جو غزہ کی صورت حال کا جائزہ لے رہے تھے قدس ٹی وی کی براہ راست نشریات کے دوران گاڑی پر ہونے والے صیہونی حملے میں شہید ہو گئے۔ غزہ کے انفارمیشن سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ غزہ پر وحشیانہ صیہونی جارحیت میں عیسائیوں کی تین فیصد آبادی بھی ماری گئی ہے۔ جبکہ ان کے تین گرجا گھر بھی تباہ ہوئے ہیں۔

دریں اثنا اقوام متحدہ کے امدادی ادارے انروا نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ غزہ کے جنوب میں واقع الصبرہ میں ایک رہائشی مکان پر صیہونی بمباری میں پانچ فلسطینی شہری شہید ہو گئے۔ غزہ کے شمال میں جبالیا کیمپ پر بھی ایک مکان پر بمباری میں دو فلسطینی شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

غاصب صیہونی حکومت نے غزہ میں زیتون کے علاقے کو بھی جارحیت کا نشانہ بنایا جہاں آٹھ فلسطینی شہید و زخمی ہوئے۔

غزہ کی وزارت صحت نے بدھ تک کے اعداد و شمار کا اعلان کرتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ غزہ کے خلاف صیہونی جارحیت کے آغاز سے اب تک پینتالیس ہزار تین سو اکسٹھ فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سات ہزار آٹھ سو تین دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔

غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کا یہ سلسلہ ایسی حالت میں جاری ہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو اور سابق صیہونی وزیر جنگ گالانت کو جنگی مجرم قرار دیتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔

ٹیگس