مغربی کنارہ: بس پر فائرنگ سے 3 صیہونی ہلاک 6 زخمی
فلسطین کے مغربی کنارے میں صیہونیت مخالف کارروائی میں کم از کم 3 صیہونی ہلاک ہوگئے اور 6 زخمی ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: صیہونی میڈیا کے مطابق مغربی کنارے کے مشرقی قلقیلیہ کے علاقے میں واقع الفندق نامی دیہات کے قریب ایک شخص نے گاڑی کے اندر سے صیہونیوں کی ایک بس پر فائرنگ کر دی۔ صیہونی ٹی وی چینل بارہ نے بھی کہا ہےکہ اس کارروائی میں اب تک تین صیہونی ہلاک اور 6 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے تین بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ یہ بس نابلس کی جانب جا رہی تھی۔ اس کارروائی کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ ہفتے کے دن بھی مغربی کنارے میں صیہونی آبادکاروں پر فائرنگ کی گئی تھی۔ استقامتی تحریک نے فائرنگ کے واقعے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے غزہ میں جنگ اور نسل کشی کا فطری ردعمل قرار دیا ہے اور کہا ہےکہ مستقبل میں غاصب دشمن کے خلاف کارروائیوں میں شدت پیدا ہوگی۔ تحریک حماس نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں غاصب صیہونی حکومت پر وہ ایسی ضرب لگائے گی جو اس حکومت کے لئے بہت تکلیف دہ اور درد ناک ہوگی۔