یمن نے کس کے کہنے پر صیہونی بحری جہاز کے عملے کو آزاد کردیا ؟
یمن نے ایک ضبط شدہ صیہونی بحری جہاز کے عملے کو، غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت آزاد کردیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کے المسیرہ ٹی وی کے مطابق انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی کے حکم پر صیہونی بحری جہاز گیلیکسی لیڈر کے عملے کو آزاد کردیا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی بحری جہاز کے عملے کی یہ آزادی، حماس کی ہم آہنگی سے، عمل میں آئی ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل نے اس خبر کی تصدیق کردی ہے کہ صیہونی بحری جہاز گیلیکسی لیڈرکے عملے کو غزہ جنگ بندی کی حمایت میں آزاد کردیا گیا ہے۔
غاصب صیہونی حکومت کے اس بحری جہاز کو یمنی افواج نے نومبر دو ہزار تیئس میں بحیرہ احمر میں اس وقت ضبط کیا تھا جب وہ مقبوضہ فلسطین کی طرف جارہا تھا۔
یاد رہے کہ غزہ پر صیہونی فوج کے وحشیانہ حملے شروع ہونے کے بعد یمنی افواج نے صیہونی فوجی مراکز پر ڈرون اور میزائلی حملوں کے ساتھ ہی بحیرہ احمر میں مقبوضہ فلسطین جانے کے راستے بند کردیئے تھے اور اعلان کیا تھا کہ جب تک غزہ پر حملے بند نہيں ہوجاتے اس وقت کسی بھی بحری جہاز کو اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف نہیں جانے دیا جائے گا۔