صیہونی حکومت کی جانب سے غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی، قیدیوں کی رہائی کا عمل فی الحال ملتوی: حماس کا بیان
حماس نے اعلان کیا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران صیہونی دشمن کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی وجہ سے صیہونی قیدیوں کی رہائی کا عمل فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا نے الجزیرہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ استقامتی محاذ کی قیادت نے گزشتہ تین ہفتے کے دوران، دشمن کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی کا مشاہدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے فلسطینی جنگی مہاجرین کی شمالی غزہ واپسی میں رکاوٹ کھڑی کی اور غزہ کے مختلف علاقوں میں فائرںگ اور بمباری کرکے انہیں نشانہ بنایا ہے۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان نے کہا کہ دشمن نے اس امداد کی سپلائی ميں بھی رکاوٹ ڈالی جس پر ہم نے اتفاق کیا تھا جبکہ استقامتی محاذ نے ان تمام امورپرعمل کیا جن کی پابندی ضروری تھی بنابریں جن قیدیوں کی سنیچر کو رہا کیا جانا تھا، ان کی رہائی تا اطلاع ثانی موخر کردی گئی ہے۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ جب تک غاصب صیہونی حکومت سمجھوتے کی سبھی شقوں پر عمل نہیں کرے گی اور گزشتہ ہفتوں کے دوران جو خلاف ورزیاں اس نے کی ہیں ان کی تلافی نہیں کرے گی، اس وقت تک صیہونی قیدیوں کی رہائی معطل رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ جب تک غاصب حکومت سمجھوتے کی پابند رہے گی، ہم بھی اس کی شقوں کی پابند رہيں گے۔