اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے وقت کئی اہم واقعات ہوئے رونما، القسام بریگیڈ کی جانب سے صیہونی قیدی کو ملا خاص تحفہ
میڈیا ذرائع نے صیہونی حکومت اور تحریک حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا چھٹا دور انجام پانے کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: عالمی ریڈکراس کی گاڑیاں جنوبی غزہ کے خان یونس علاقے میں داخل ہوئیں تاکہ جنگ بندی سمجھوتے کے پہلے مرحلے کے چھٹھے دور کے تناظر میں تین صیہونی قیدیوں کو تحریک حماس سے اپنی تحویل میں لیں۔ اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ وہ غلاف غزہ کے رعیم علاقے میں قیدیوں کو تحویل میں لینے کے لئے تیار ہے۔ دریں اثنا میڈیا ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ فلسطینی استقامت نے مختلف قسم کے دس ہتھیاروں کی نمائش کی ہے جسے تحریک جہاد اسلامی کی فوجی شاخ سرایاالقدس اور تحریک حماس کے فوجی بازو عزالدین القسام بریگیڈ نے طوفان الاقصی آپریشن کے دوران غنیمت کے طور پر حاصل کیا ہے۔

القسام بریگیڈ کے ایک ذریعے نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیدیوں کی حوالگی ایک اسرائیلی گاڑی کے ذریعے انجام پائے گی جو اس نے سات اکتوبر دوہزار تیئس کے آپریشن میں مال غنیمت کے طور پر حاصل کی ہے۔ اس ذریعے نے بتایا کہ القسام بریگيڈ نے ساگی دیکل حن کو اپنی بیٹی کو تحفہ دینے کے لئے سونے کی ایک جیولری دی ہے۔ دیکل حن کی یہ بیٹی اس کی گرفتاری کے چار مہینے بعد پیدا ہوئي ہےادھر غاصب صیہونی حکومت نے آج رہائي پانے والے دو فلسطینی قیدیوں کے گھر پر حملہ کیا ہے۔

القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ اس نے سنیچر کو ساشا الکساندر توربانوف، ساگی دیکل حن اور یائير ھورن نام کے تین اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل تحریک جہاد اسلامی کے فوجی بازو سرایا القدس نے اعلان کیا تھا کہ توربانوف صیہونی حکومت اور فلسطینی استقامت کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے چھٹے مرحلے میں آزاد ہوگا۔

دریں اثنا صیہونی ویب سائٹ وللا نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکام نے مذکورہ قیدیوں کے خاندانوں کو بتادیا ہے کہ حماس سے ان کے ناموں کی فہرست حاصل کر لی گئي ہے۔ صیہونی میڈیا ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی فوج نے ان قیدیوں کے ناموں کی فہرست جاری کرنے کی اجازت دے دی ہےاس کے ساتھ ہی فلسطینی قیدیوں کے انفارمیشن سنٹر نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ سنیچر کو قیدیوں کے تبادلے کے تناظر میں چھتیس فلسطینی قیدیوں کو عمر قید اور تین سو تینتس قیدیوں کو جو سات اکتوبر دوہزار تئیس کی کارروائی کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، آزاد کیا جا رہا ہے۔