حزب اللہ لبنان کے سابق سربراہ شہید سید حسن نصراللہ ایثار و شجاعت کا پیکر تھے: فلسطینی استقامتی کمیٹیاں
فلسطینی استقامتی کمیٹیوں نے حزب اللہ لبنان کے سابق سربراہ شہید سید حسن نصراللہ کے جلوس جنازہ کے موقع پر ایک بیان جاری کر کے انھیں ایثار و شجاعت کا پیکر قرار دیتے ہوئے ان کی راہ پرگامزن رہنے پر تاکید کی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی استقامتی کمیٹیوں نے اپنے بیان میں زور دے کر کہا ہے کہ آج گہرے رنج و غم کے ساتھ اسلام کے عظیم کمانڈر، امت کی علامت اور قوم کے زندہ ضمیر، شہید والا مقام سید حسن نصراللہ اور ان کے مجاہد بھائی و عظیم کمانڈر شہید سید ہاشم صفی الدین کو رخصت کر رہے ہيں اور ان کے اہداف کے پابند رہنے اور ان کی انقلابی استقامت کی راہ پرگامزن رہنے کا عہد کرتے ہيں ۔ ان عظیم الشان شہداء کا پاکیزہ خون ، امت کے لئے مشعل راہ اور روشنی ثابت ہوگا اور یہ وہ خون ہے جو امت کے دشمنوں پر ہماری فتح و کامیابی کو واضح کردے گا۔ اس بیان میں کہا گيا ہے کہ شہید سید حسن نصراللہ صرف ایک سیاسی رہنما یا فوجی کمانڈر نہيں تھے بلکہ استقامت ، پائداری ، صداقت ، عزت اور شرافت کی علامت تھے۔ ان کی آواز ایسی آواز تھی جو ظلم و استکبار کے مقابلے میں کبھی دبی نہيں ۔ ان کی شہادت نہ صرف لبنان بلکہ پوری مسلم امہ اور دنیا کے تمام حریت پسندوں کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہےفلسطینی استقامتی کمیٹیوں نےاپنے بیان میں تاکید کی ہے کہ آج فلسطین اور غزہ پٹی میں ہمارے قلوب رنج و غم سے لبریز ہيں اور ہماری روح کو سخت تکلیف ہے.

شہید سید حسن نصراللہ دشمنوں کے مقابلے میں سیسہ پلائي ہوئي دیوار اور ظلم و ستم اور عالمی استکبار کے مقابلے میں دو دھاری تلوار تھے۔ شہید سید حسن نصراللہ نے ہمیں ایک گران بہا ورثہ سونپا ہے جس کی ہمیں حفاظت کرنا ہے ۔ وہ ہمیشہ دین ، وطن اور عزت و ناموس کے محافظ رہے جس کے لئے انھوں نے بھاری قیمت ادا کی۔ فلسطینی استقامتی کمیٹیوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم شہید سید حسن نصراللہ کی راہ پر گامزن رہیں گے اور ان کی راہ ہمارے مستقبل کے لئے ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔ آج کا دن استقامت کی تاریخ کا سنگ میل ہے ۔ ایک نیا آغاز ہے کہ جو خون شہداء سے لکھا جائے گا اور مسلم امہ اور استقامت کے محور کے لئے ایک نئی صبح ثابت ہوگا ۔ اس بیان میں آخر میں کہا گیا ہے کہ ہم ان دونوں عظیم رہنماؤں کے ساتھ عہد کرتے ہيں کہ استقامت کے پرچم کو ہرگز زمین پر نہيں گرنے دیں گے ، ان کا پاکیزہ خون ضائع نہيں ہونے دیں گے اور ہم اس وقت تک ان کی راہ پر گامزن رہیں گے جب تک مکمل فتح حاصل نہيں ہو جاتی ۔