اسرائیل کی جانب جانے والے تمام بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا: سید عبدالملک الحوثی
انصاراللہ یمن تحریک کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر، باب المندب، خلیج عدن اور بحیرہ عرب سے مقبوضہ سرزمینوں کی جانب جانے والے تمام بحری جہازوں کو اب کے بعد نشانہ بنایا جائے گا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المسیرہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق انصاراللہ کے سربراہ نے انتباہ دیا کہ اگر صیہونی حکومت سے وابستہ کسی بھی بحری جہاز نے مذکورہ علاقوں سے گزرنے کی کوشش کی تو اسے تباہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے اس اقدام کو ایک ضروری قدم قرار دیا۔ سید بدرالدین الحوثی نے کہا کہ یہ قدم صیہونیوں کی جانب سے غزہ کا محاصرہ جاری رکھنے اور فلسطینی عوام کو بھوکا رکھنے کے جواب میں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب ممالک اور حکومتوں نے فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پرغیرذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے خاموشی اختیار کرلی ہے جس کے نتیجے میں صیہونی اپنے مظالم اور جرائم میں اور بھی جری ہوگئے ہیں۔

انصاراللہ کے سربراہ نے کہا کہ صیہونی حکومت کے ظلم میں جتنا بھی اضافہ ہو، عرب ممالک کا ردعمل کمزور اور بیان جاری کرنے کی حد تک ہی رہتا ہے جس سے امریکہ اور صیہونی حکومت بخوبی واقف ہیں اور اس کا فائدہ بھی اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے 2 ارب مسلمانوں کا موقف ، کہ جو بھرپور ذخائر اور وسائل سے لیس ہیں، اتنا کمزور نہیں ہونا چاہیے تھا۔ انصاراللہ تحریک کے سربراہ نے اس بات کو افسوسناک قرار دیا کہ بڑی عرب حکومتیں ایک جانب فلسطینیوں کی حمایت میں محض بیان جاری کرتی ہیں تو دوسری جانب دشمن کی معیشت کو بچانے کے لیے، اپنے زمینی راستے کھول دیتی ہیں۔ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے زور دیکر کہا کہ اگر صیہونی دشمن نے فلسطینی عوام کے خلاف بھوک کے ہتھیار کا استعمال جاری رکھا تو انصاراللہ کے اگلے قدم اور بھی سخت ہوں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تمام آپشن میز پر ہیں۔