سید عبد الملک الحوثی نے صیہونی حکومت کے مقابلے میں حزب اللہ لبنان کی حمایت کا اعلان کر دیا
انصار اللہ یمن کے سربراہ سید عبد الملک الحوثی نے جنوبی لبنان پر صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ضرورت پڑنے پر حزب اللہ اور لبنانی قوم کی مدد پر زور دیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: سید عبد الملک الحوثی نے اتوار کی رات اپنی تقریر میں کہا ہے کہ ہم لبنان کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کے حملوں پر نظر رکھے ہوئے ہيں اور ان حملوں کا کوئي جواز نہيں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صیہونی حکومت کے ساتھ کشیدگی میں شدت اور تصادم کی صورت میں حزب اللہ اور لبنانی قوم کی حمایت کے اپنے موقف پر زور دیتے ہیں۔ سید عبد الملک الحوثی نے کہا کہ ہم لبنان پر صیہونیوں کے حملوں کا بیٹھ کر تماشا نہيں دیکھیں گے اور حزب اللہ اور لبنان میں اپنے بھائيوں سے کہہ رہے ہیں کہ آپ لوگ تنہا نہیں ہیں اور ہم جارحیت کے خلاف ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہيں۔ انصار اللہ یمن کے سربراہ نے واضح کیا کہ ہم ہر حال میں اور ہر طرح سے حزب اللہ اور لبنان میں اپنے بھائيوں کے ساتھ کھڑے ہونے پر تیار ہيں۔