اسرائیل غزہ کے مظلوم عام شہریوں کے رہائشی مکانات اور پناہ گزین کیمپوں پر اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے
غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے غزہ کے مظلوم عام شہریوں کے رہائشی مکانات اور پناہ گزین کیمپوں کو تباہ کئے جانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت گزشتہ دس روز سے زمینی فوجی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس کے دوران وہ گھروں اور مکانات کو تباہ کر رہی ہے جبکہ صیہونی فوج نے غزہ کے عام شہریوں کو انتباہ دیا ہے کہ وہ اپنے گھروں کو خالی کر دیں ورنہ یہ مکانات بمباری کر کے تباہ کر دیئے جائیں گے ۔ ادھر فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوج نے غزہ کے شمال میں واقع بیت لاہیا میں فلسطینیوں کے مکانات کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے۔ صیہونی ٹینکوں نے خان یونس کے مشرق میں واقع عبسان الکبیرہ پر گولہ باری بھی کی ہے۔

دریں اثنا فلسطین کی تحریک حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع ،غزہ کے علاقے جبالیا البلد پر صیہونی بمباری میں شہید ہو گئے۔ غاصب صیہونی حکومت کے جنگي طیاروں نے خان یونس کے شمال مشرق میں واقع القرارہ کو بھی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔ غزہ کے جنوب مشرقی علاقے بھی صیہونی جارحیت کا نشانہ بنے ہیں۔