Apr ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۷:۲۷ Asia/Tehran
  • فلسطین میں 19 ہزار سے زیادہ بچوں کی شہادت، دنیا کی شرمناک خاموشی!

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے 5 اپریل فلسطینی بچوں کے عالمی دن کے موقع پر صیہونی حکومت کے رہنماؤں کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی بچوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور ہم  صیہونی حکام پر مقدمہ چلانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بیان میں یہ بات زور دے کر کہی گئي ہے کہ غزہ  کے خلاف جارحیت کے آغاز سے اب تک 19 ہزار فلسطینی بچے شہید ہوچکے ہیں جبکہ 39,000 بچے اپنے ماں باپ میں سے کسی یا دونوں سے محروم ہوچکے ہیں۔

حماس کے بیان میں کہا گیا ہے بین الاقوامی خاموشی کے سائے میں صیہونی حکومت کا سزا سے بچ جانا غزہ میں بچوں کے خلاف اس حکومت کے جرائم میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔

بیان میں عالمی قانونی اداروں سے مطالبہ کیا گيا ہے کہ وہ اسرائیل کے جرائم کو بے نقاب کریں اور  اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے غزہ کے بچوں کی زندگياں بچانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات عمل میں لائيں۔

یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (UNRWA) نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ غزہ پٹی کی 51 فیصد آبادی بچوں پر مشتمل ہے۔

ٹیگس