Apr ۱۸, ۲۰۲۵ ۱۸:۰۶ Asia/Tehran
  • یمن کے عوام کا ایک بار پھر غزہ کے باشندوں کے ساتھ اظہار یکجہتی

یمن کے عوام نے ایک بار پھر غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور امریکہ کے خلاف یمنی افواج کی مزاحمت کی حمایت میں مارچ کیا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  المسیرہ کے مطابق یمن کے عوام نے شمالی صوبے صعدہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں عظیم الشان مارچ کا انعقاد کرکے غزہ پٹی کے لئے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ یہ مارچ یمن کے اعلی حکام کے اس اعلان کے بعد کیا گیا ہے کہ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ یمنی عوام ملک پر امریکہ کے جارحانہ حملے کے سبب فلسطین کی حمایت سے باز نہیں آئیں گے۔ یمنی عوام نے اپنے ملک گیر مظاہروں میں امریکی فضائی حملوں کی مذمت کی اور امریکا کے مقابلے میں یمنی افواج کی استقامت و پائیدار کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

یمن کے مختلف علاقوں بالخصوص صوبہ الحدیدہ کو امریکہ نے متعدد بار اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا ہے- یمنی ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ الحدیدہ کی راس عیسی آئل بندرگاہ پر امریکی حملے میں شہید ہونے والے یمنی شہریوں کی تعداد بڑھ کر اٹھاون ہو گئی ہے - اس رپورٹ کے مطابق صوبے الحدیدہ میں یمن کی وزارت صحت کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ راس عیسی بندرگاہ اور آئل تنصیبات پر امریکی جنگی طیاروں کے گزشتہ رات کے حملے میں اب تک اٹھاون یمنی عام شہریوں کے شہید ہو نے کی تصدیق کی جاچکی ہے۔ یمنی وزارت صحت کے مطابق اس حملے میں کم سے کم ایک سو چھبیس عام شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔یمن کی وزارت صحت کے مطابق امریکہ کی اس وحشیانہ جارحیت میں زخمی ہونے والوں میں متعدد کی حالت کی نازک ہے جس کے پیش نظر شہیدوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ امریکی جنگی طیاروں نے گزشتہ رات الحدیدہ میں راس عیسی آئل بندرگاہ کو چار بار جارحیت کا نشانہ بنایا۔امریکہ ، صیہونی حکومت کی حمایت اور یمن پر مسلط کردہ بحری ناکہ بندی کو توڑنے کی کوشش میں یمنی شہریوں پر حملے کر رہا ہے جس میں اب تک درجنوں افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ ان حملوں کے باوجود یمنی مسلح افواج نے غزہ پٹی میں مزاحمت اور فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھی ہوئی ہے اور اس نے بے مثال اور منفرد کارروائیاں کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے قلب میں، صیہونی حکومت سے وابستہ بحری جہازوں اور یہاں تک کہ بحیرہ احمر اور بحر ہند میں امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے اور امریکہ کے متعدد جدیدترین ڈرون طیاروں کو مار گرایا ہے۔

ٹیگس