لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے! غزہ کی آزادی کے لئے طاقت کا استعمال واحد آپشن، یمنی رہنما
یمنی رہنما نے کہا ہے کہ اسرائیل صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے لہذا غزہ کی آزادی کے لئے طاقت کا استعمال واحد آپشن ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کے اعلی سرکاری عہدیدار نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف واحد مؤثر طریقہ فوجی طاقت کا استعمال ہے کیونکہ صیہونی حکومت طاقت کے سوا کوئی زبان نہیں سمجھتی۔ تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اطلاعات نصرالدین عامر نے کہا کہ غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کو صرف فوجی قوت کے استعمال سے روکا جا سکتا ہے کیونکہ صیہونی حکومت کے خلاف طاقت کا استعمال ہی راہ حل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل سے یمنی مسلح افواج پوری طاقت کے ساتھ اپنے حملوں کا دائرہ بڑھائیں گی تاکہ غزہ کے مظلوم عوام کے مصائب اور مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو۔

دوسری جانب یمنی فوج کے ترجمان میجر جنرل یحییٰ سریع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ رات صہیونی علاقوں پر حملوں کا مقصد غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ اور محاصرہ ختم کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کی جارحیت بند ہونے اور غزہ کا محاصرہ ختم ہونے تک بن گوریان ایئرپورٹ پر پروازوں کو معطل کردیں گے۔

یمن نے اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کے لیے اہم سمندری راستوں کی ناکہ بندی بھی کی ہے تاکہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالی جاسکے اور عالمی برادری کو غزہ میں جاری انسانی بحران پر عملی اقدامات پر مجبور کیا جاسکے۔ یمنی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ جب تک اسرائیل غزہ کے خلاف زمینی و فضائی جارحیت کو مکمل طور پر بند نہیں کرتا، حملے جاری رہیں گے۔