Jun ۲۷, ۲۰۲۵ ۱۰:۳۰ Asia/Tehran
  • شیخ نعیم قاسم: جنگ بندی دراصل ایران کی فتح کا اعلان

حزب اللہ لبنان کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ ایران نے 12 روزہ جنگ میں دشمن کے تمام اہداف ناکام بنا دیے، جنگ بندی دراصل ایران کی فتح کا اعلان ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے حالیہ 12 روزہ جنگ میں ایران کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوری ایران نے تنِ تنہا امریکہ، اسرائیل اور مغربی طاقتوں کا سامنا کیا اور انہیں پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کے اس حملے کے تین بنیادی اہداف تھے جن میں ایران کے یورینیم افزودگی کے پروگرام کو ختم کرنا، میزائل پروگرام کو نشانہ بنانا اور اسلامی جمہوری نظام کا تختہ الٹنا شامل ہیں، ایران نے ان تمام اہداف کو ناکام بنا دیا اور 12 روزہ جنگ کے بعد ہونے والی جنگ بندی دراصل ایران کی فتح کا اعلان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام کی جانب سے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ‌ای کی حمایت نے اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ایرانی مسلح افواج، سپاہ پاسداران اور سیکیورٹی اداروں نے میدان میں شجاعت کے ساتھ اسلامی نظام کا دفاع کیا۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ میں ایران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ اس نے تنہا دشمن کو اتنا شدید نقصان پہنچایا کہ اسرائیل نے جنگ کے آغاز میں ہی امریکہ سے مدد کی فریاد کی، کیونکہ وہ ایران کے حملوں کے سامنے بے بس ہو چکا تھا۔

حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر پرامن ہے اور تمام شواہد اس کی تصدیق کرتے ہیں، لیکن دشمنوں نے اس حقیقت کے برخلاف بے بنیاد بہانوں کے ذریعے ایران پر حملے کی راہ ہموار کی۔

ان حملوں کے باوجود ایران کے پرامن جوہری پروگرام کو نہ روکا جا سکا اور نہ ہی ختم کیا جاسکا۔انہوں نے کہا کہ ایران نے حالیہ جنگ میں ثابت کیا کہ وہ کسی بھی قیمت پر دشمن کے سامنے جھکنے والا نہیں۔

ایران آج بھی وہی ہے جو جنگ سے پہلے تھا، بلکہ اب پہلے سے زیادہ طاقتور ہوچکا ہے۔

شیخ نعیم قاسم نے امریکہ کی خطے میں موجودگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوجی اڈے مشرق وسطی کے ممالک کے تحفظ کے لیے نہیں بلکہ صرف اسرائیل کے دفاع کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے نزدیک ایران کا سب سے بڑا جرم فلسطین کی حمایت ہے۔

 

 

ٹیگس