یمن کا دہشت گرد اسرائیل پر ڈرون اسٹرائیک، تین حساس صہیونی تنصیبات بنے نشانہ
یمنی فوج نے مقبوضہ فلسطین میں صہیونی تنصیبات پر متعدد ڈرون حملے کئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی مسلح افواج نے اسرائیل کے خلاف تین ڈرون حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کارروائیوں میں مقبوضہ فلسطین کے تین مختلف علاقوں میں حساس اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے سرکاری بیان میں بتایا کہ یمن کے ڈرون یونٹ نے پانچ ڈرون طیاروں کے ذریعے بیک وقت حملے انجام دیئے۔ ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی میں دو ڈرونز طیاروں نے یافا کے ایک حساس مقام کو نشانہ بنایا دوسری کارروائی میں دو ڈرونز نے عسقلان میں ایک فوجی مرکز کو ہدف بنایا اور تیسری کارروائی میں ایک ڈرون کے ذریعے صحرائے نقب میں موجود ایک اور فوجی مرکز پر حملہ کیا گیا۔

جنرل یحیی سریع نے زور دیا کہ یہ تمام حملے مکمل کامیابی کے ساتھ انجام پائے اور اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔یمن کی افواج نے بیان میں تمام عرب اور اسلامی اقوام سے اپیل کی کہ وہ فلسطینی عوام کے خلاف جاری مظالم کے مقابلے میں اپنی دینی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داریاں پوری کریں۔یمن کی مسلح افواج نے اپنا موقف دہرایا ہے کہ اسرائیل کے خلاف ہماری فوجی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک غزہ پر حملے بند نہیں ہوتے اور محاصرہ مکمل طور پر ختم نہیں کر دیا جاتا۔