Aug ۱۰, ۲۰۲۵ ۱۶:۲۳ Asia/Tehran
  • عاشقوں کے قافلے کربلائے معلیٰ کی جانب رواں دواں، زائرین کی پذیرائی، شیعہ سنی اتحاد کا عملی مظاہرہ

اربعین حسینی کے موقع پر شیعہ اور سنی مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ان دنوں دنیا کے مختلف ملکوں خاص طور سے ایران،پاکستان، ہندوستان، لبنان اورعراق کے مختلف شہروں سے کربلائے معلیٰ کی جانب اربعین مارچ کا سلسلہ جاری ہے اور عاشقوں کے قافلے، سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب باوفا کا چہلم منانے کے لیے کربلائے معلی میں جمع ہورہے ہیں ۔ بارگاہ حسینی اور اس کے اطراف کی سڑکیں اور شاہراہیں، عزاداروں سےلبریز ہیں اور نوحہ و ماتم کی صدائیں بلند ہورہی ہیں ۔

اربعین حسینی کے موقع پر سرحدی راستوں پر موکب میں موجود رضا کار دن رات زائرین کی سہولت کے لیے خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ تاہم، یہ خدمتگار خود اکثر اربعین کی پیادہ روی میں شریک ہونے سے محروم رہ جاتے ہیں کیونکہ سارا وقت اور توانائی زائرین کے سفر کو آسان بنانے میں صرف ہو جاتی ہے۔

اربعین حسینی کے موقع پر باشماق بارڈر (ایران عراق بارڈر) شیعہ اور سنی برادری کے اتحاد اور یکجہتی کی شاندار تصویر پیش کر رہا ہے۔ یہاں دونوں مکاتب فکر کے افراد زائرین کی خدمت میں شانہ بشانہ مصروف ہیں، جس سے بھائی چارے اور باہمی محبت اور اتحاد و وحدت کا عملی مظاہرہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

ایران کے محکمہ پولیس کے کمانڈر جنرل احمدرضا رادان کا کہنا ہے کہ اب تک ملک کی سرحدوں سے 3 ملین سے زائد زائرین اربعین کے لیے عراق روانہ ہو چکے ہیں جبکہ 1.3 ملین سے زائد افراد واپس ملک میں داخل ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 20 صفر کو اربعین حسینی ہے اور ہر سال زائرین ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام اربعین ملین مارچ میں شرکت کرنے کیلئے پوری دنیا سے عراق کا رخ کرتے ہیں۔

ٹیگس