Nov ۲۱, ۲۰۲۵ ۰۹:۳۹ Asia/Tehran
  • مقبوضہ علاقوں کی متعدد عمارتوں میں پُراسرار آگ

مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے جنوب میں واقع متعدد عمارتوں میں پُراسرار آگ لگنے کی خبر ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے جنوب میں واقع شہر "بیرالسبع" میں جمعرات کی رات متعدد رہائشی عمارتوں میں وسیع پیمانے پر پُراسرار آگ لگنے کا مشاہدہ کیا گیا۔ صیہونی حکومت کے "آئی24" نیٹ ورک کے حوالے سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق جمعرات کی رات 9 رہائشی عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ بتایا جاتا ہے کہ آگ کی زد میں آنے والی عمارتوں میں زیادہ تر تین سے پانچ منزلہ ہیں اور "بیر السبع" شہر کے مختلف علاقوں میں واقع ہیں۔

صیہونی حکومت کے مذکورہ نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں ایک مشتبہ شخص 16 سالہ یہودی نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے جو اسی شہر کا رہنے والا ہے۔ اسرائیلی امدادی اور تحقیقاتی ٹیمیں جائے وقوعہ پر صورت حال کا جائزہ لے رہی ہیں اور ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ کم سے کم دو عمارتوں میں آگ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے۔

اسرائیلی ٹی وی چینل آئی 24 نے کہا ہے کہ "اگرچہ ابھی تک تمام زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں لیکن آتش زدگی کی صورت حال سے ظاہر ہوتا ہے کہ مستقبل میں بھی ایسے واقعات رونما ہونے کا امکان ہے۔"

اطلاعات کے مطابق متعلقہ ماہرین کی مدد سے آگ لگنے کی وجوہات کی تفصیل سے تفتیش اور تحقیق کی جا رہی ہے۔

 

ٹیگس