Dec ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۵:۰۱ Asia/Tehran
  • جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے سلامتی کونسل کی قرارداد سترہ سو ایک کی خلاف ورزی ہیں: یونیفل

جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج یونیفل نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان پر کل کے اسرائیلی حملے سلامتی کونسل کی قرارداد سترہ سو ایک کی خلاف ورزی ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: الجزیرہ ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری امن فوج نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں ہمارے آپریشن کے علاقے میں کل کے اسرائیلی فضائی حملے سلامتی کونسل کی قرارداد سترہ سو ایک کی خلاف ورزی ہیں۔

یونیفل نے اعلان کیا کہ اس کے ایک گشتی دستے کو کل جنوبی لبنان کے قصبے بنت جبیل کے قریب گولیوں کا نشانہ بنایا گیاتاہم اس حملے میں کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔

یونیفل نے مزید کہا کہ ہم صیہونی فوج سے موجودہ مواصلاتی اور رابطہ کاری کے طریقہ کار کو استعمال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم جنوبی لبنان کی صورت حال کی نگرانی کرتے رہتے ہیں اور قرارداد سترہ سو ایک کو نافذ کرنے میں لبنان اور اسرائیل کی حمایت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے اور تمام بین الاقوامی اصول و ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے کل دن میں اور رات کو ایک بار پھر لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی اور لبنان کے شہر صور کے علاقے محرونہ کو نشانہ بنایا۔

صیہونی حکومت نے اس سے قبل مشرقی لبنان کے بقاع علاقے میں واقع نبی شیث کے علاقے کو بھی ڈرون سے نشانہ بنایا تھا۔

صیہونی غاصبوں نے مشرقی لبنان میں بعلبک کے علاقے الشعرا جنتا پر بھی حملہ کیا اور ملک کے جنوب میں جباع کے علاقے میں ایک عمارت کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok

 

ٹیگس