Dec ۱۸, ۲۰۱۵ ۲۱:۰۴ Asia/Tehran
  • انصار اللہ یمن کی سعودی عرب اور منصور ہادی کی مستعفی حکومت کے خلاف اقوام متحدہ میں شکایت
    انصار اللہ یمن کی سعودی عرب اور منصور ہادی کی مستعفی حکومت کے خلاف اقوام متحدہ میں شکایت

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے اقوام متحدہ میں صنعا کی مستعفی حکومت کے حامیوں اور سعودی عرب کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کئے جانے کی شکایت کر دی ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے مذاکراتی وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام نے جمعے کے دن کہا کہ تحریک انصاراللہ نے سعودی عرب اور صنعا کی مستعفی حکومت کے حامیوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بارے میں اقوام متحدہ میں شکایت کر دی ہے۔ محمد عبدالسلام نے مزید کہاکہ مذاکرات میں ساری توجہ جنگ بندی پر ہونی چاہئے۔

محمد عبدالسلام کا مزید کہنا تھا کہ یمن پر سعودی عرب کے حملے جاری رہنے کی صورت میں مذاکرات سنجیدگی کے ساتھ جاری نہیں رہ سکتے ہیں۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے یہ بھی کہا ہے کہ ریاض کا وفد مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے۔

سعودی عرب چھبیس مارچ سے یمن پر فضائی حملے کر رہا ہے ۔ان حملوں میں اب تک سات ہزار پانچ سو سے زیادہ یمنی شہری شہید اور چودہ ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ طے یہ پایا تھا کہ امن مذاکرات شروع ہونے کے ساتھ ہی یمن پر سعودی عرب کے حملے بند ہو جائیں گے لیکن یہ حملے مسلسل جاری ہیں۔ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کا ادارہ لڑائی کے خاتمے کی ضرورت پر توجہ نہیں دے رہا ہے۔

ٹیگس