Sep ۰۸, ۲۰۲۱ ۱۹:۵۱ Asia/Tehran
  • افغانستان میں آنے والی تبدیلیوں کو سب تسلیم کرلیں، پاکستانی وزیر خارجہ

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں آنے والی تبدیلی کو ایک حقیقت قرار دیا ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بدھ کو افغانستان کے بارے میں چھے ملکی ورچوئل کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ افغانستان میں آنے والی تبدیلی ایک حقیقت ہے جس کو تسلیم کرنا چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ طالبان نے عبوری کابینہ کا اعلان کردیا ہے اور ہم وہاں آنے والی تبدیلیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انھوں نے افغانستان کی صورتحال کو مشکل اور پیچیدہ قرار دیا اور کہا کہ افغانستان کے تعلق سے ہمیں نئے چیلینجوں کا سامنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کےاس خطے اور دنیا پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔
قریشی نے کہا کہ افغانستان کی اقتصادی صورت حال بہتر کرنے کے لئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال افغانستان پر امریکہ کے بیس سالہ غیر قانونی قبضے کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے افغانستان پر اپنے بیس سالہ قبضے کے دوران افغان عوام کو رنج و الم کے علاوہ کچھ بھی نہیں دیا ہے۔
اس کانفرنس میں پاکستان کے علاوہ ایران، چین، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی ۔

ٹیگس