Jun ۱۹, ۲۰۲۲ ۱۲:۰۲ Asia/Tehran
  • پاکستان میں 5 سال سے قید 20 ہندوستانی ماہی گیر رہا

پاکستان کے صنعتی شہر کراچی میں 5 سال سے قید 20 ہندوستانی ماہی گیروں کو حکومتِ پاکستان نے جذبۂ خیر سگالی کے تحت آج صبح ملیر جیل سے رہا کر کے لاہور روانہ کر دیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: کراچی میں نیشنل ہائی وے پر واقع ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی کے سپریٹنڈنٹ محمد ارشد کے مطابق 20 ہندوستانی ماہی گیروں کو کورٹ پولیس اور ایدھی فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جنہیں پیر کی دوپہر واہگہ بارڈر پر ہندوستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے مطابق 20 ماہی گیروں کو لاہور کے واہگہ بارڈر تک پہنچانے کے تمام سفری اخراجات ایدھی فاؤنڈیشن ادا کر رہی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ان ماہی گیروں کو جون 2018ء میں پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر گھسنے اور بلا اجازت ماہی گیری کرنے کے الزام میں سرکاری اداروں نے گرفتار کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کی حکومتوں میں پائے جانے والے اختلافات کے باوجود دونوں ممالک گاہے بہ گاہے جذبۂ خیر سگالی کے طور پر گرفتار ہونے والے ماہیگیروں کو رہا کر دیتے ہیں۔

ٹیگس