توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ایران گیس لائن منصوبے پر عمل در آمد ضروری
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا ہے کہ ایرانی گیس لائن منصوبے سے پاکستان کے توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ تعلقات کا فروغ پاکستان کے مفاد میں ہے۔ ندیم افضل چن نے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت اور دو طرفہ تعاون پر زور بھی دیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی گیس لائن منصوبے سے پاکستان کے توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ رہنما پیپلز پارٹی نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ ابھی حال ہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر اور پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایران کا دو روزہ دورہ کیا تھا اور اپنے اس دورے میں صدر مملکت، وزیر خارجہ اور مختلف دیگر اعلی حکام سے ملاقات و گفتگو کے بعد فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کی زیارت کے لئے مشہد مقدس کا بھی سفر کیا۔
اپنے اس دورے میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ امریکی پابندیاں نہ صرف ایران بلکہ پاکستان اور پورے علاقے کو مسائل و مشکلات سے دوچار کئے ہوئے ہیں اور ان پابندیوں سے عوام پر براہ راست منفی اثر پڑ رہا ہے۔