Oct ۱۸, ۲۰۲۲ ۲۲:۲۴ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف کا انکشاف، تحریک انصاف اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات کا علم ہے۔
    پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف کا انکشاف، تحریک انصاف اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات کا علم ہے۔

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی دیگر قیادت کے اسٹیبلشمنٹ سے روابط سے واقف ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو عمران خان اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے اسٹیبلشمنٹ سے روابط کا علم ہے۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہمیں ان ملاقاتوں کا علم ہے اور پی ٹی آئی کے دوسرے رہنماؤں کی ملاقاتوں کا بھی علم ہے۔ 

خواجہ آصف نے مزید بتایا کہ عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے صرف ایک ملاقات کی ہے، دوسری کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔انہوں نے دوسری ملاقات کی تردید کی ہے۔

نئے آرمی چیف کی تعیناتی پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر اعظم دفتر سے ابھی تک باضابطہ طور پر کوئی خط موصول نہیں ہوا جس میں نئے آرمی چیف کے لیے نام تجویز کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کا جب وقت آئے گا تو وزیر اعظم فیصلہ کریں گے مگر تحریک انصاف سربراہ کی جانب سے آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بنانا اپنی مایوسی کے اظہار کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔

وزیر دفاع نے اس امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسا ہوتا ہوا نہیں دیکھ رہا کہ ضمنی انتخابات میں حالیہ جیت کے بعد عمران خان اس پوزیشن میں ہوں گے کہ وہ اپنی حمایت کے لیے اسٹیبلشمنٹ کو دوبارہ سوچنے پر مجبور کرسکیں۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو بعض حلقوں کی جانب سے پس پردہ حمایت حاصل تھی۔

رپورٹ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے حکومتی مذاکرات پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔

ٹیگس