Oct ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۴:۵۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں عمران خان کا لانگ مارچ

پاکستان تحریک انصاف نے جمعے کو اپنے لانگ مارچ کا پروگرام شروع کردیا۔

پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکن جمعے کو صبح سے ہی لاہور کے لبرٹی چوک پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ شہر لاہور اور صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں سے لوگ کاروانوں کی شکل میں لبرٹی چوک پہنچے ہیں۔
پی ٹی آئی نے اسی کے ساتھ ڈیجیٹل میڈیا پر اپنے لانگ مارچ کی براہ راست رپورٹنگ کا بھی آغاز کردیا۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مارچ پر امن رہے گا۔
لاہور کے لبرٹی چوک سے شروع ہونے والا پی ٹی آئی کا یہ لانگ مارچ اسلام آباد پہنچ کر ختم ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے لانگ مارچ کے پہلے دن کو کینیا میں قتل ہونے والے پاکستانی صحافی ارشد شریف کے نام سے منسوب کیا ہے۔ یاد رہے کہ عمران خان کافی عرصے سے اس لانگ مارچ کی بات کر رہے تھے ۔ انھوں نے اس لانگ مارچ کو پاکستان کی حقیقی آزادی کی تحریک کا نام دیا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فلیگ مارچ کیا ہے جس میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔
فلیگ مارچ میں پولیس اور رینجرز کے اہلکار شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرے اور ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لئے اپنی آمادگی کا اظہار کیا۔  

 

ٹیگس