ماحولیات کی عالمی کانفرنس میں شرکت کے لئے شہباز شریف مصر پہنچے
پاکستان کے وزیر اعظم شہبازشریف ’شرم الشیخ ماحولیاتی سمٹ‘ میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر مصر پہنچ گئے۔
سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع نے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج شرم الشیخ میں کوپ ستائس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ شہباز شریف کے ساتھ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کابینہ کے دیگر اراکین بھی وفد میں شامل ہیں۔
اس دوران وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ کانفرنس اقوام متحدہ کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں اور موسمیاتی انصاف پر کارروائی کی ضرورت پر غور کرنے کے لئے بلائی گئی ہے جس میں ایک سو ستانوے رکن ممالک شرکت کر رہے ہیں۔
اس دورے کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ جی ستہتر کی صدارت کرتے ہوئے دنیا پر زور دیں گے کہ وہ کلائمیٹ فنانسنگ اور نقصانات کے ازالہ کیلئے فنڈ کے طور پر اپنے وعدہ کو پورا کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم آب و ہوا کا انصاف مانگ رہے ہیں، حالیہ قدرتی آفات کے بعد ضروریات کے جائزہ سے یہ بات سامنے آئی کہ قرضوں، توانائی اور خوراک کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں اور فنڈز کی کمی کی وجہ سے متاثرین کی بحالی کیلئے ہماری کوششوں میں رکاوٹ آسکتی ہے۔
بعض رپورٹس یہ بتاتی ہیں کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے ایک سو باون مختلف موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متاثر ہوا۔ یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث دوہزار پچیس میں پانی کی شدید کمی کا سامنا ہوگا۔