سپریم کورٹ اور اسٹیبلشمنٹ کو غیر جانبدار رہنا چاہیے: سراج الحق
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر نے کہا ہے کہ ملک کے انتخابات کے مسائل نہ تو سپریم کورٹ حل کرسکتی نہ ہی اسٹیبلشمنٹ۔
سحر نیوز/ پاکستان: مقامی ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے سراج الحق نے یہ بات زور دے کر کہی کہ سپریم کورٹ سیاستدانوں کو موقع دے کہ وہ اپنے مسائل خود حل کرلیں۔
سیاسی جماعتوں کے درمیان مفاہمت کے لیے سرگرم سراج الحق کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اور اسٹیبلشمنٹ کو غیر جانبدار رہنا چاہیے۔
انہوں نے ملک میں جاری دھڑے بندیوں کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں مثبت پیشرفت یہی ہوسکتی ہے کہ انتخابات کرائے جائیں۔
واضح رہے سراج الحق کی قیادت والی جماعت اسلامی نے ایک نکاتی ایجنڈے کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ کانفرنس بلانے کی تجویز پیش کی ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جماعت اسلامی کی آل پارٹیز کانفرنس عید کے بعد ہوسکتی ہے جس میں انتخابات ایک ہی دن میں کرائے جانے کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے۔
اس سے پہلے جماعت اسلامی کے امیر نے ایک وفد کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف اور حزب اختلاف رہنما عمران خان سے ملاقات کی تھی جس کا مقصد انتخابات کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنا بتایا گیا ہے۔