کلسٹر بموں کی یوکرین کو فراہمی جرم ہے
امریکہ یوکرین کو کلسٹر بم فراہم کر کے ایک مجرمانہ فعل کا ارتکاب کر رہا ہے، یہ کہنا ہے پاکستان اور چائنا انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا۔
سحر نیوز/پاکستان: چین کے سی جی ٹی این چینل کے مطابق پاکستان اور چائنا انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مصطفیٰ حیدر سید نے اپنے ایک خطاب میں کہا کہ حقیقت میں کلسٹر بموں کا استعمال امریکی قوانین کے مطابق بھی غیر قانونی ہے، لہٰذا ان بموں کی کسی بھی ملک کے لئے فراہمی نہ صرف امریکی قوانین کے رو سے غلط ہے بلکہ اس اقدام سے عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واضح قرائن اور ثبوت موجود ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ یہ بم عام شہریوں کے لئے بڑا خطرہ شمار ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ نے 2003 میں عراق میں اور پھر 2009 میں یمن میں کلسٹر بموں کا استعمال کیا تھا جو بہت سے عام شہریوں کے جانی نقصان کا باعث بنا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ روس کے خلاف دفاعی حملوں میں یوکرین کی ناکامی کے بعد مغربی ممالک کے بعض انتہا پسند سیاستداں اس کوشش میں ہیں کہ جس قیمت پر بھی ممکن ہو، یوکرینی فوج کے حوصلے دوبارہ بلند کریں اور انہیں امید دلائیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یوکرین جنگ میں اس قسم کے اقدامات سے امریکہ اور اسکے مغربی اتحادیوں کی بے بسی اور زیادہ عیاں ہوتی جا رہی ہے۔