Jul ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۲:۰۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: خودکش دھماکہ اور فائرنگ 16 افراد جاں بحق و زخمی

پاکستان کے صوبے خیبر پختون خوا میں خودکش دھماکے اور فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد جاں بحق و زخمی ہو گئے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں کمپاؤنڈ کے مرکزی گیٹ پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 4 ہوگئی جس میں پولیس اہلکار اور شہری شامل ہیں جبکہ 8 افراد زخمی ہیں۔

ریسکیو حکام نے سرچ آپریشن کے دوران ملبے کے نیچے سے ایک اور شخصس کی لاش نکال لی جبکہ اسپتال میں بھی شدید زخمی اہلکار شہید ہوگیا۔ ریسکیو1122 کا سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

پولیس کے مطابق  تحصیل کمپاؤنڈ کے مین گیٹ پر دوران تلاشی دھماکہ ہوا ہے۔

کمپاؤنڈ کے اندر باڑہ تھانہ،سرکاری اور دیگر اہم دفاتر ہیں، باڑہ تھانے کے اندر ہی سی ٹی ڈی سیل بھی ہے۔

آئی جی پولیس خیبر پختون خوا نے خیبر میں دھماکہ خودکش ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کمپاؤنڈ میں 2 خود کش حملہ آوروں نے داخل ہونے کی کوشش کی۔

آئی جی خیبر پختون خوا کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ، جبکہ دوسرے نے عقب سے عمارت میں داخلے کی کوشش کی۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے، حملہ آوروں کو عمارت کے اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے ریگی تھانے کی حدود میں پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے کیے گئے حملے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

ریگی (ورسک سرکل) سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارشد خان کے مطابق گزشتہ رات تقریباً 11 بج کر 45 منٹ پر ریگی ماڈل ٹاؤن کے داخلی دروازے پر پولیس اہلکار ڈیوٹی تبدیل کر رہے تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جہاں پولیس وین کھڑی تھی اس سے 30 میٹر کے فاصلے پر دریا کے پار سے 17 گولیاں چلائی گئیں۔

ایس پی ارشد خان نے کہا کہ اضافی چوکیاں قائم کرنے کے بعد آپریشن جاری ہے، پولیس نے اقدامات کیے ہیں جب کہ فورسز بھی چوکس ہیں۔

سینئر پولیس افسر نے کہا کہ حملہ آوروں کی تعداد اور ان کے طریقہ واردات سے متعلق اس وقت کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے گزشتہ سال نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد سے پاکستان میں خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ٹیگس