پاکستان: دہشت گردوں سے فائرنگ، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 فوجی اہلکار جاں بحق
خیبرپختونخواہ کے ضلع وادی تیراہ میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے جبکہ تین دہشت گرد بھی مارے گئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 نومبر کی رات سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر وادی تیراہ میں آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں قیادت کرنے والے 43 سالہ لیفٹننٹ کرنل محمد حسن حیدر جاں بحق ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں تین دہشت گرد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔
ترجمان پاکستانی فوج کے مطابق علاقے میں باقی دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
خیال رہے کہ کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے گزشتہ برس نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان میں خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
ستمبر میں پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کنفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کی جانب سے مرتب اعداد وشمار میں کہا گیا تھا کہ اگست میں دہشت گردوں کے حملوں کی تعداد 9 سال کے دوران سب سے زیادہ رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ نومبر 2014 کے بعد ملک بھر میں ایک مہینے میں دہشت گردی کے سب سے زیادہ 99 حملے ہوئے۔