Nov ۳۰, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۴ Asia/Tehran

پاکستانی عوام کے مختلف طبقے کے افراد فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منانے کے لیے سڑکوں پر آئے اور اسرائیل کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے انتفاضہ کے ساتھ اپنے عہد کی تجدید کی۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے شہر اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں سیاسی، مذہبی جماعتوں اور سول تنظیموں کی جانب سے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ فلسطین سپورٹ فاؤنڈیشن ( پی ایل ایف) کی جانب سے اسلام آباد جرنلسٹس کلب کے سامنے فلسطین کی حمایت اور صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت میں ایک اجتماع کا انعقاد کیا گیا اور حاضرین نے لبیک یا اقصیٰ اور قدس کی آزادی تک جنگ، کے نعرے لگائے۔ مظاہرین نے مردہ باد اسرائیل اور مردہ باد امریکہ کے نعروں کے ساتھ اسلامی حکومتوں سے فلسطینی عوام کے دفاع اور صیہونیوں کے جرائم کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کیا۔ فلسطین کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر جنوبی پاکستان کے شہر کراچی میں سینکڑوں سول کارکنوں، فنکاروں، ڈاکٹروں اور نرسوں نے سڑکوں پر نکل کر طوفان الاقصیٰ آپریشن کی حمایت میں مارچ کیا۔ اس مارچ کے شرکاء نے فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور مغربی دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو غزہ کے لوگوں کے خلاف انسانیت کے خلاف جرائم کا جوابدہ ٹھہرائے۔ اسی طرح لاہور میں بھی، فلسطین کے مزاحمتی محاذ کے حامیوں نے بھی پریس کلب کے سامنے جمع ہوکر فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منایا۔ انہوں نے اسرائیل مردہ باد کا نعرہ لگا کر صہیونی دشمن کے خلاف فلسطینی مزاحمتی محاذ کی جنگ کی حمایت کی۔

ٹیگس