بلوچستان: پی ٹی آئی کی ریلی کے قریب دھماکہ 4 افراد جاں بحق 5 زخمی
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے شہر سبی کے جناح روڈ پر ہونے والے دھماکے میں 4 افراد جان بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال سبی منتقل کردیا گیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پولیس کے مطابق سبی کے جناح روڈ کے جی پی او چوک پر دھماکا اس وقت ہوا جب پی ٹی آئی کی ریلی وہاں سے گزر رہی تھی۔
دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے سے جی پی او چوک پر کھڑی گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور قریبی دکانوں کو نقصان پہنچا، دھماکے کے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال سبی منتقل کردیا گیا ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈسٹرکٹ اسپتال سبی ڈاکٹر شاہد نے بتایا کہ دھماکے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوئے ہیں، تین شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ سبی منتقل کیا گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع نے مریضوں کی تشویشناک حالت کے پیش نظر ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سبی میں سیاسی جماعت کی ریلی میں دھماکے کا نوٹس لے لیا، الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی۔
سبی سمیت کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، ڈاکٹروں اور عملے کو ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔