الیکشن سے متعلق امریکی نصیحتوں کی ضرورت نہيں: پاکستانی وزارت خارجہ
پاکستان نے کہا ہے کہ اسے الیکشن سے متعلق غیر ملکی نصیحتوں کی ضرورت نہيں ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی وزارت خارجہ نے ملک میں ہونے والے عام انتخابات پرغیر ملکی حکومتوں کے بیانات پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان میں انتخابی عمل اندرونی و خود مختاری کا معاملہ ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے اپنا آئینی فرض سنجیدگی سے ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مبصرین کو بھی دعوت دی گئی تھی،پاکستانیوں کوملک کےسیاسی عمل پر بات کا حق حاصل ہے، اس پرہم تبصرہ نہیں کریں گے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کا یہ ردعمل ایک ایسے وقت سامنے آيا ہے جب امریکا نے پاکستان میں الیکشن سے متعلق شکایات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے صدر عارف علوی نے بھی کہا ہے کہ آج پورا ملک انتخابی نتائج پر سوال اٹھا رہا ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کا آئیڈیا لے کر آئی لیکن اسے مسترد کیا گیا، اگر ای وی ایم ہوتی تو آج یہ مسائل نہ ہوتے۔