Feb ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۱:۰۷ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کے مظالم کا سلسلہ بند کرایا جائے، عالمی عدالت انصاف سے پاکستان کی اپیل

پاکستان نے عالمی عدالت انصاف سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے منظم جرائم اور مظالم کا سلسلہ بند کرائے۔

سحرنیوز/پاکستان: عالمی عدالت انصاف کے کھلے اجلاس میں پاکستانی وفد کے سربراہ نے اسرائیلی قبضے کو فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کے استعمال کی راہ میں رکاوٹ قرار دیا اور عدالت سے اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کے مطابق صیہونی حکومت کو منظم نسل پرستانہ کارروائیوں سے روکے۔ اسلام آباد میں پاکستان کی وزارت خارجہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، پاکستان کے وزیر انصاف احمد عرفان اسلم نے مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس پر مستقل اور غیر قانونی قبضے کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف میں جاری کھلی سماعت کے ساتویں روز بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک فلسطینی اراضی پر اسرائيل کا قبضہ ختم کرنے کے کیس کی پیروی کر رہا ہے۔
انہوں نےکہا کہ غاصب اسرائیل کی حکومت فلسطینیوں کو ان کے حق خود ارادیت کے استعمال سے روک رہی ہے اورغیر قانونی آبادکاری کی پالیسی کے ذریعے زمینی حقائق تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کے نمائندے نے اس بات پر بھی تاکید کی کہ اسرائیل کے مسلسل غیر قانونی قبضے نے بیت المقدس میں مقامات مقدسہ تک فلسطینیوں کی رسائی بھی بند کر رکھی ہے۔

ٹیگس