صدارتی انتخاب ملتوی کیا جائے محمود خان اچکزئی کا مطالبہ، صدارتی انتخاب 9 مارچ کو ہی ہوگا: الیکشن کمیشن
سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صدر پاکستان کے انتخاب کیلئے نامزد امیدوار محمود خان اچکزئی نے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان میں صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی متعدد مخصوص نشستیں ابھی خالی ہیں اس لئے الیکٹورل کالج مکمل ہونے تک الیکشن ملتوی کیا جائے۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہ اسمبلی نہیں چل سکتی، پارلیمان کی کمیٹی بنائی جائے، یہ اسمبلیاں مکمل نہیں اس لیے صدارتی الیکشن ملتوی کر کے پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی جائے، پارلیمنٹ کے سینئر ترین رکن رضا ربانی، مشاہد حسین سید جیسے لوگوں کی کمیٹی بنائی جائے، کمیٹی 7 دن کے اندر تمام مسائل کا حل نکال سکتی ہے۔
درایں اثنا الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کی جانب سے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدارتی انتخاب مقررہ تاریخ یعنی 9 مارچ کو ہی ہوگا۔
واضح رہے کہ صدارتی انتخاب میں حکومتی اتحاد کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے جبکہ محمود اچکزئی کو پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی جانب سے امیدوار نامزد کیا گیا ہے، دونوں کے کاغذات بھی منظور ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کے اگلے صدر کے انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق صدارتی انتخاب 9 مارچ بروز ہفتہ ہوگا۔