پاکستان: ایوان صدر میں کون براجمان ہو گا، فیصلہ چند گھنٹوں بعد
پاکستان کے 14 ویں صدر کے انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: صدر پاکستان کے انتخابات کیلئے قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پاکستانی وقت کے مطابق آج صبح 10 بجے شروع ہونے والی پولنگ، بغیر کسی وقفے کے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔
حکمران اتحاد کی جانب سے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری امیدوار ہیں جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار محمود خان اچکزئی ہیں۔
قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین انتخاب میں اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔
قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، اسحاق ڈار، عمر ایوب، شیر افضل مروت، علی محمد خان، سینیٹر فیصل جاوید، اسد قیصر، جمشید دستی، اختر مینگل، سینیٹر فلک ناز سمیت دیگر اراکین بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کر چکے ہیں۔
سندھ اسمبلی میں موجود تمام ارکان نے ووٹ کاسٹ کر دیا، سندھ اسمبلی میں 161 ارکان اسمبلی نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا، جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جبکہ جی ڈی اے پہلے ہی صدارتی انتخابات کا بائیکاٹ کر چکی ہے۔
بلوچستان اسمبلی میں بھی 47 ارکان نے ووٹ کاسٹ کر دیئے، جے یو آئی (ف)، جماعت اسلامی اور حق دو تحریک کے اراکین نے پولنگ میں حصہ نہیں لیا۔
حکومتی اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پہلے بھی جو ہوا پارلیمنٹ نے کیا اب بھی پارلیمنٹ کرے گی۔
سنی اتحاد کونسل کے نامزد صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جو لوگ حکومت میں بیٹھے ہیں وہ چھوٹے ہیں، مسائل بڑے ہیں۔
واضح رہے کہ صدر کے انتخاب میں جیت کیلئے 348 ووٹ درکار ہیں ۔ سینیٹ، قومی اسمبلی اور ملک کی چاروں صوبائی یعنی خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کے اراکین کی کُل تعداد 1185 ہے، ان میں سے سینیٹ ارکان کی تعداد 100، قومی اسمبلی کے ارکان کی تعداد 336 جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے کُل ارکان کی تعداد 749 ہے۔
اس موقع پر اسلام آباد کے ریڈ زون میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔