Mar ۱۷, ۲۰۲۴ ۲۰:۵۳ Asia/Tehran
  • پاکستان کے لیے ایران گیس پائپ لائن انتہائی اہم: پاکستانی اسپیکر

پاکستان کی پارلیمنٹ کے نئے اسپیکر نے کہا ہے کہ ایران گیس پائپ لائن پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

سحرنیوز/ پاکستان: ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی پارلیمنٹ، قومی اسمبلی، کے نئے اسپیکر سردار ایاز صادق نے اسلام آباد میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے پارلیمانی توانائی سے استفادے پر زور دیا۔

پاکستان کی پارلیمنٹ کے نئے اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات میں مزید کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کی توانائی کو تجارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں مدد کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

سردار ایاز صادق نے علاقائی اور بین الاقوامی تجارت کو وسعت دینے کے لیے ایران اور پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ سرحدوں پر دوطرفہ تجارت کو مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے لیے تکنیکی مسائل کو حل کرنا ضروری ہے۔

اس ملاقات میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے سردار ایاز صادق کو پاکستان کی پارلیمنٹ کا اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان تعاون کے نئے دور میں، خاص طور پر، پارلیمانی سفارت کاری کے میدان میں تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔

ٹیگس