Mar ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۷ Asia/Tehran
  • پاکستانی سیکورٹی اہلکاروں پر حملے کی منصوبہ بندی کی ویڈیو منظرعام پر آگئی

سرحد پر پاکستانی سیکورٹی اہلکاروں پر حملے کے لئےافغانستان کے اندر منصوبہ بندی کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو افغانستان کے علاقے ڈانگر الگد کی ہے جس میں افغان طالبان کا ایک کمانڈر پاک افغان سرحد پر پاکستانی سیکورٹی دستوں پر حملے کی ہدایات دے رہا ہے۔

پاکستانی ذرائع نے مذکورہ طالبان لیڈرکا نام یحییٰ حافظ گل بہادر بتایا ہے۔اس رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں افغان طالبان کمانڈر یحییٰ گل بہادر یہ کہتے سنا گیا ہے کہ ہم پاکستان سے بدلہ لینے کے لئے تیار ہیں ۔اس نے اس میں کہا کہ پاکستانی سیکورٹی دستوں پر حملے میں بارہ افراد شرکت کریں گے جن میں چھے راکٹ فائر کرنے والے اور چھے ان کے معاونین ہوں گے۔

پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میٹنگ میں موجود دہشت گرد پاکستان کے خلاف جنگ کے لئے آمادگی کا اعلان کررہے ہیں ۔ مذکورہ ویڈیو میں افغان طالبان کے کمانڈر یحییٰ گل بہادر یہ کہتے دیکھے جاسکتے ہیں کہ یہ سبھی مجاہدین امیرالمومنین شیخ عبداللہ کے احکامات پرعمل کرنے کے لئےتیار ہیں۔

آخری اطلاع ملنے تک اس ویڈیو پر افغانستان کی طالبان حکومت کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا۔

ٹیگس