پنجاب سے سینیٹ کی نشستوں پرعلامہ راجا ناصرعباس اور پرویز رشید سمیت 7 امیدوار بلامقابلہ کامیاب
جنرل نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے 5 اور سنی اتحاد کونسل کے 2 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔
سحرنیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے پنجاب سے سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر 12 امیدواروں میں سے 5 کی جانب سے کاغذات واپس لیے جانے کے بعد سنی اتحاد کونسل کے راجا ناصرعباس ،حامد خان ایڈوکیٹ جبکہ مسلم لیگ (ن) کے احد چیمہ، پرویز رشید، ناصر محمود، طلال چوہدری اور اسی طرح حکومتی اتحاد کے حمایت یافتہ محسن نقوی بھی بلامقابلہ کامیاب ہو گئے ہیں۔
امیدوار ولید اقبال، شہزاد وسیم ، اعجاز منہاس، مصدق ملک اور عمر چیمہ نے کاغذ نامزدگی واپس لے لیے تھے جس کے بعد7جنرل نشستوں پر 7 امیدوار ہی میدان میں رہ گئے، تکنیکی طور پر ساتوں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب سینیٹ الیکشن کے دوران بلوچستان میں سینیٹرز کو بلامقابلہ منتخب کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں کے مابین سینیٹر کے بلا مقابلہ انتخاب کا فارمولہ طے پانے کا امکان ہے، 11 نشستوں میں سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو تین تین نشستیں مل سکتی ہیں۔
اسی طرح جمعیت علماء اسلام کو 2 نشستیں دی جائیں گی جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو ایک ایک نشست مل سکتی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں سینیٹ کی 11 خالی نشستوں پر انتخاب 2 اپریل کو ہو گا۔