امریکہ پاکستان کے امور میں مداخلت نہ کرے، ایرانی گیس پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لئے ناگزير: لیاقت بلوچ
جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن کو پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لئے ضروری قرار دیتے ہوئے امریکہ کی جانب سے اس پروجیکٹ کی مخالفت کی مذمت کی۔
سحر نیوز/ پاکستان: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے ایک بیان میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن پروجیکٹ کے خلاف امریکی دباؤ پر تنقید کی اور کہا کہ اگرچہ یہ گیس پائپ لائن پاکستان کی قومی معیشت کی بہتری کے لئے ناگزیر ہے تاہم واشنگٹن اسے روکنے کے لئے تمام ہتھکنڈے اختیار کرے گا۔
لیاقت بلوچ نے امریکہ و نیٹو کے حملوں کے نتیجے میں افغانستان کی تباہی اور پاکستان کی حمایت کے جھوٹے امریکی دعوے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کے پاس پاکستان میں انرجی کے بحران کا مقابلہ کرنے کے لئے کوئی راہ حل نہيں ہے اس کے باوجود وہ دباؤ اور پابندیوں کے ذریعے اسلام آباد کے راستے میں روڑے اٹکا رہا ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نے علاقے میں امریکہ کی مقابلہ آرائی کی پالیسی کی مذمت کی اور کہا کہ آج امریکہ و یورپ کی بےدریغ حمایت کے نتیجے میں غزہ کے عوام کے خلاف غاصب اسرائیلی حکومت کے وحشیانہ حملے جاری ہيں ۔
انھوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ خارجہ پالیسی کے محاذ کو مضبوط بنائے اور قومی مذاکرات اور تمام سیاسی طاقتوں کی مدد سے ملک کو درپیش داخلی و بیرونی چیلنجوں کے حل کے لئے قدم اٹھائے۔