May ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۱ Asia/Tehran
  • تحریک انصاف نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر وائٹ پیپر جاری  کردیا

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن ان حقائق کی روشنی میں تحقیقات کرے اور دھاندلی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انتخابی اصلاحات کی جائیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنماوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں فارم 45 کے مطابق نتیجہ اخذ نہیں کیا گیا، فارم 47 کو بنایا گیا اور ہماری فتح کو شکست میں بدلا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے خلاف ہم نے احتجاج کیا اور ہم نے الیکشن کمیشن کو بارہا کہا کہ جو آپ کے پٹیشن ہیں ان پر جلد از جلد فیصلے کریں، ہمارا مطالبہ ہے کہ ہم قومی اسمبلی میں 180 نشستیں جیت چکے تھے اور ہماری نشستیں فارم 47 کے ذریعے دوسری جماعتوں کو دی گئیں جس کے نتیجے میں ہماری مخصوص نشستیں بھی چلی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ میں بھی پٹیشن فائل کی لیکن وہ پٹیشن بھی آج تک سماعت کے لیے نہیں لگ سکی اس لئے آج ہم 300 صفحات پر مبنی ایک وائٹ پیپر جاری کرنے جا رہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ وائٹ پیپر ان حقائق پر مبنی ہے جسے گارجیئن، واشنگٹن پوسٹ، دی ٹائمز اور پاکستان کے پورے میڈیا نے تسلیم کیا ہے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے دعوی کیا کہ اس وائٹ پیپر سے ثابت ہوتا ہے کہ جب الیکشن کمیشن کو پتا چلا کہ تحریک انصاف سوئپ کر رہی ہے تو ایک بھونڈا طریقہ اختیار کیا اور فارم 47 پر انحصار کیا اور ہمارے سو ووٹ کو 1100 کردیا، یہ بھونڈا طریقہ کار اختیار کیا گیا۔

ٹیگس