May ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۷:۳۴ Asia/Tehran
  • پاکستان کے 3 صوبوں کے نئے گورنر

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر نئے گورنروں کی تعیناتی کی منظوری دیدی۔

سحر نیوز/ پاکستان: صدر پاکستان آصف علی زرداری نے تینوں صوبے کے گورنروں سلیم حیدر گورنر پنجاب، جعفر مندوخیل گورنر بلوچستان اور فیصل کنڈی گورنر خیبرپختونخوا کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 101 کے تحت دی ہے۔

سردار سلیم حیدر 2008ء میں اٹک سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، وہ 2008ء میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں وزیر دفاعی پیداوار بھی رہ چکے ہیں، وہ پی ڈی ایم حکومت کا بھی حصہ رہے۔

فیصل کریم کنڈی 2008ء کی قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر رہ چکے ہیں جبکہ وہ پی ڈی ایم حکومت میں وزیراعظم کے مشیر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔

شیخ جعفر مندوخیل مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر ہیں، جعفر مندوخیل کو مسلم لیگ ن کے سربراہ نوازشریف نے رابطہ کر کے گورنر نامزد کرنے کے فیصلہ سے آگاہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ ان سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلیغ الرحمٰن بطور گورنر پنجاب، جے یو آئی (ف) کے نامزد کردہ حاجی غلام علی خیبر پختونخوا میں اسی عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ جب کہ صوبہ سندھ میں وفاقی حکومت کی اتحادی جماعتوں میں شامل ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے رہنما کامران ٹیسوری بطور گورنر خدمات انجام دے رہے ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کے عہدے کے لیے مسلم لیگ (ن) کراچی سے تعلق رکھنے والے تاجر مرزا اشتیاق بیگ کی حمایت کر رہی ہے۔

ٹیگس