Jun ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۶:۱۹ Asia/Tehran
  • پاکستان: وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی

پاکستان کی وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں دوران وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دی، کابینہ اجلاس میں کسانوں، نوجوانوں اور صنعتوں کے لیے پیکج کی منظوری بھی دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے نئے مالی سال کے بجٹ دستاویزات کی منظوری دے دی، تنخواہوں میں 25 فیصد اور پنشن میں 15 فیصد تک اضافہ کیا جائے گا۔

آئندہ مالی سال میں تمام تر اسکیموں کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ اپنی بجٹ تقاریر میں کریں گے۔

کابینہ نے گریڈ ایک تا 16 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اور گریڈ 17 تا 22 کی تنخواہوں میں 20 فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی۔ اسی طرح پنشن کی مد میں 15 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی پارلیمانی پارٹی نے بجٹ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کی زیر صدارت ہوا، جس میں  پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی نے بجٹ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی رائے دے دی، ارکان نے بجٹ سے متعلق اعتماد میں نہ لینے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

ٹیگس