عمران خان کی رہائی کے لیے عید کے بعد فیصلہ کن معرکہ ؟
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے دعوی کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے عید کے فوری بعد فیصلہ کن معرکہ شروع کیا جائے گا۔
سحر نیوز/ پاکستان: مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے بیان میں دعوی کیا ہے کہ سازشی ٹولے نے بانیٔ پی ٹی آئی اور کارکنوں پر جعلی مقدمات بنائے ہیں اور مریم نواز کے احکامات پر بانیٔ پی ٹی آئی اور خواتین ورکرز کو اذیتیں دی جا رہی ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی سلطنت کو زمین بوس کر کے بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی یقینی بنائی جائے گی۔
دوسری جانب خیبر پختون خوا میں عید کے دنوں میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے سبب مختلف شہروں میں احتجاج کیے گئے اور واپڈا کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
یونین کونسل ہوتی کے سیکڑوں عوام نے عید پر بھی بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اسی طرح مردان میں بھی احتجاج کیا گیا؛ مظاہرے کے سبب طوور مایار روڈ بلاک ہوگیا۔
بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف پشاور چارسدہ روڈ پر شہریوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے پشاور چارسدہ روڈ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
نوشہرہ کلاں میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر آگئے اور مردان نوشہرہ روڈ بلاک کردیا جس کے سبب دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے واپڈا اور گیس حکام کے خلاف نعرہ بازی کی۔
مظاہرین نے شکوہ کیا کہ عید کے روز بھی اٹھارہ اٹھارہ گھنٹوں تک بجلی بند کی جارہی ہے، جب تک بجلی بحال نہیں کی جاتی احتجاج جاری رہے گی۔